Home / خبریں / اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوازشریف کی عبوری ضمانت منظور کرلی

اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوازشریف کی عبوری ضمانت منظور کرلی

اسلام آباد (ہیلو چیچہ وطنی 25 اکتوبر 2019) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی طبی بنیادوں پر منگل تک کیلئے عبوری ضمانت منظور کرلی ہے۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ 20 لاکھ روپے کے 2 مچلکے جمع کرائے جائیں۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل بینچ نے نواز شریف کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سنادیا۔ عدالت نے العزیزیہ ریفرنس کیس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی منگل تک کیلئے عبوری ضمانت منظور کرلی ہے۔ عدالت نے عبوری ضمانت وفاقی و پنجاب حکومتوں اور نیب کی جانب سے مخالفت نہ کیے جانے کی بنا پر منظور کی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے منگل تک کیلئے نواز شریف کے علاج کیلئے درخواست ضمانت منظور کی ہے تاہم ضمانت پر حتمی فیصلہ منگل کو کیا جائے گا۔

سماعت کے دوران ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل نیب نیئر رضوی نے کہا کہ نیب کو نواز شریف کی ضمانت پر کوئی اعتراض نہیں ہے، انسانی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست کی مخالفت نہیں کرسکتے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ہم وفاقی اور صوبائی حکومت کو ہدایات جاری کر رہے ہیں ، وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب اور چیئرمین نیب اس معاملے پرفیصلہ کریں۔

عدالتی فیصلے کی روشنی میں جیل کے بیمار قیدیوں سے متعلق کیا اقدامات کیے؟ عدالتی فیصلے کی روشنی میں تمام جیلوں میں قید بیمار قیدیوں کی تفصیلات دی جائیں، سیکریٹری داخلہ متعلقہ صوبائی حکومتوں سے معلومات لے کر دو ہفتوں میں تفصیلی جواب جمع کرائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے